بولی وڈ انڈسٹری میں فیشنسٹا کے نام سے مشہور اداکارہ سونم کپور کے ہاں 37 سال کی عمر میں پہلے بچے کی پیدائش پر شوبز شخصیات نے انہیں مبارک باد پیش کی ہے۔
سونم کپور اور ان کے شوہر صنعت کار آنند آہوجا نے 20 اگست کو اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں اپنے ہاں بچے کی پیدائش کی تصدیق کی۔
دونوں نے مشترکہ پوسٹ شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ ان کے ہاں 20 اگست کو بیٹے کی پیدائش ہوئی۔
دونوں نے اپنے ہاں اولاد ہونے پر خدا کے شکرانے ادا کرنے سمیت تعاون کرنے پر ڈاکٹرز اور نرسز کا بھی شکریہ ادا کیا جب کہ نیک خواہشات پر مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
دونوں نے پوسٹ میں یہ نہیں بتایا کہ ان کے ہاں بچے کی پیدائش کہاں ہوئی اور اب بچے اور ماں کی طبیعت کیسی ہے؟
تاہم ان کی جانب سے پوسٹ کیے جانے پر بولی وڈ شخصیات سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی کمنٹس کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی جب کہ مداحوں نے بھی ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دونوں نے رواں برس مارچ میں بتایا تھا کہ ان کے ہاں جلد بچے کی پیدائش متوقع ہے، جس پر شوبز شخصیات اور مداحوں نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔
سونم کپور اور آنند آہوجا نے چار سال قبل مئی 2018 میں شادی کی تھی، جس کے بعد اداکارہ شوہر کے ہمراہ کچھ عرصے کے لیے لندن منتقل ہوگئی تھیں۔
شادی کے بعد سونم کپور کو اسکرین پر کم ہی دیکھا گیا، تاہم انہیں شوبز تقریبات میں شوہر کے ہمراہ دیکھا گیا اور اب ان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش کے بعد بھی کچھ عرصے تک انہیں اسکرین پر نہیں دیکھا جا سکے گا۔
0 Comments